اسلام آباد: پاکستان فٹبال فیڈریشن اور ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے درمیان باضابطہ رابطوں کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں دونوں ممالک کی قومی ٹیموں کے درمیان ممکنہ فرینڈلی میچ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں فیڈریشنز کے عہدیداران کے درمیان آن لائن اجلاس میں ابتدائی سطح پر دوستانہ میچ کے انعقاد اور فٹبال کی ترقی سے متعلق مشترکہ پروگرامز پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ فیفا ورلڈ کپ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ایک نمائشی میچ کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فریقین نے فرینڈلی میچ کے انعقاد کے حوالے سے مزید پیش رفت پر اتفاق کیا ہے، اور اگر معاملات طے پا گئے تو رواں سال کے دوران یہ اہم مقابلہ منعقد ہونے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان کوچنگ اور فٹبال ڈویلپمنٹ پروگرامز پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت ارجنٹائن کے تجربہ کار کوچز پاکستان آ کر مقامی کھلاڑیوں اور کوچز کو تربیت فراہم کریں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے، جس سے نہ صرف کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا موقع ملے گا بلکہ ملک میں کھیل کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔