حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سابق سی آئی اے سربراہ کا انکشاف: اسرائیل نے ٹرمپ کو خامنہ ای ہٹانے پر قائل کیا،لیکن منصوبہ ناکام رہا Home / بین الاقوامی /

سابق سی آئی اے سربراہ کا انکشاف: اسرائیل نے ٹرمپ کو خامنہ ای ہٹانے پر قائل کیا،لیکن منصوبہ ناکام رہا

ایڈیٹر - 26/03/2026
سابق سی آئی اے سربراہ کا انکشاف: اسرائیل نے ٹرمپ کو خامنہ ای ہٹانے پر قائل کیا،لیکن منصوبہ ناکام رہا

واشنگٹن: سابق سی آئی اے سربراہ لیون پینیٹا نے کہا ہے کہ اسرائیل نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو ہٹانے کے لیے قائل کیا تھا، اس یقین کے ساتھ کہ اس اقدام سے ایران میں سیاسی تبدیلی یا رجیم چینج ممکن ہو جائے گا۔

پینیٹا کے مطابق اسرائیلی حکام کا یہ خیال تھا کہ اگر ایران کے اعلیٰ ترین رہنما کو ہٹایا گیا تو موجودہ سیاسی نظام کمزور پڑ جائے گا اور ملک میں نئی سیاسی راہ ہموار ہوگی۔ تاہم ان کے بقول زمینی حقائق نے اس پیش گوئی کو غلط ثابت کیا۔

سابق سی آئی اے سربراہ نے اس حکمت عملی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اسرائیل دونوں نے اس معاملے میں "احمقانہ طور پر غلط اندازہ" لگایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ٹرمپ کو یقین دلایا کہ خامنہ ای کی شہادت سے ایران میں فوری سیاسی تبدیلی آئے گی، لیکن اس کا نتیجہ توقع کے مطابق نہیں نکلا۔

پینیٹا نے وضاحت کی کہ صدر ٹرمپ کے پاس اس معاملے میں کوئی جادوئی حل نہیں تھا اور فوجی آپشن کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں تھا، جبکہ ایسے اقدامات جانی و مالی طور پر انتہائی مہنگے ثابت ہو سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس آپشن کو بروئے کار نہ لایا جاتا تو ٹرمپ کی ناکامی یقینی تھی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سابق سی آئی اے سربراہ کے ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف پالیسی میں سابقہ حکمت عملی پر دوبارہ غور و فکر کی ضرورت ہے، اور اس سے خطے میں جاری کشیدگی کے پیچیدہ پہلو سامنے آتے ہیں۔