سری نگر ۔ بھارتی عدلیہ نے کشمیری علیحدگی پسند رہنماء دختران ملت کی چیئر پرسن آسیہ اندرابی کو مجرم قرار دے کر عمر قید کی سز اسنادی جبکہ ان کی 2 قریبی ساتھیوں صوفی فہمیدہ اور ناہید نسرین کو 30 ، 30 سال قید کی سزادی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو 14 جنوری کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون (یواے پی اے) کی دفعہ 20، 38 اور 39 کے ساتھ ساتھ تعزیرات ہند ) آئی پی سی ( کی مختلف دفعات کے تحت سزا سنائی گئی تھی۔
بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے (این آئی اے ) نے آسیہ اندرابی پر نام نہا د نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے کا الزام لگاتے ہوئے ان کیلئے عمر قید کی استدعا کی تھی تا کہ ریاست کے خلاف سازش کرنے پر سخت ترین سزا دینے کا واضح پیغام جائے۔
ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ نے دلائل سننے کے بعد یہ سزا سنائی، آسیہ اندرابی کو اپریل 2018 میں این آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ آسیہ اندرابی کے شوہر عاشق حسین فتو بھی گزشتہ تین دہائیوں سے جیل میں نظر بند ہیں، انہیں 2003 میں ایک من گھڑت قتل کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی جس سے اندرابی خاندان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی عکاسی ہوتی ہے۔