حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اسرائیلی فوجی افسر کا ای میل اکاؤنٹ ہیک ہونے کا دعویٰ، ایک لاکھ خفیہ پیغامات افشا کرنے کی دھمکی Home / بین الاقوامی /

اسرائیلی فوجی افسر کا ای میل اکاؤنٹ ہیک ہونے کا دعویٰ، ایک لاکھ خفیہ پیغامات افشا کرنے کی دھمکی

ایڈیٹر - 21/03/2026
اسرائیلی فوجی افسر کا ای میل اکاؤنٹ ہیک ہونے کا دعویٰ، ایک لاکھ خفیہ پیغامات افشا کرنے کی دھمکی

ایران سے منسلک ایک ہیکر گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک اعلیٰ اسرائیلی فوجی افسر کے ای میل سسٹم تک رسائی حاصل کر لی ہے اور بڑی مقدار میں حساس معلومات اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔
ایرانی نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق ’حنظلہ‘ نامی گروپ نے اس سائبر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی بریگیڈیئر جنرل ایرن اورٹل کے ای میل اکاؤنٹ کو ہیک کیا۔
گروپ کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران تقریباً ایک لاکھ خفیہ ای میلز حاصل کی گئیں، جن میں مبینہ طور پر اسرائیل کی عسکری حکمت عملی، پالیسی سازی اور حساس نوعیت کی اندرونی معلومات شامل ہیں۔
ہیکرز نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دستاویزات اسرائیل کی فوجی منصوبہ بندی کے اہم پہلوؤں کو بے نقاب کرتی ہیں، جبکہ انہوں نے ان مواد کو "اہم اور نہایت حساس" قرار دیا ہے۔
’حنظلہ‘ گروپ نے اپنے بیان میں جنرل ایرن اورٹل کو اسرائیل کی نئی عسکری سوچ کا کلیدی کردار قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ جدید فوجی حکمت عملی کے مرکزی معمار ہیں۔
واضح رہے کہ ایرن اورٹل اس سے قبل اسرائیلی فوج کے اہم تحقیقی ادارے دادو سینٹر میں بطور کمانڈر خدمات انجام دے چکے ہیں، جو عسکری نظریات اور پالیسی سازی میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔
اس وقت وہ بیگن سادات سینٹر فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں عسکری پروگرام کی قیادت کر رہے ہیں، جبکہ امریکن فارن پالیسی کونسل کے ساتھ بطور وزٹنگ اسکالر بھی منسلک ہیں۔
تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق تاحال سامنے نہیں آ سکی، جبکہ اسرائیلی حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔