حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سوشل میڈیا اینفلوئینسرز کے مزے ہی مزے ، فیس بک کا ماہانہ تین ہزار ڈالرز دینے کا اعلان Home / بین الاقوامی /

سوشل میڈیا اینفلوئینسرز کے مزے ہی مزے ، فیس بک کا ماہانہ تین ہزار ڈالرز دینے کا اعلان

ایڈیٹر - 20/03/2026
 سوشل میڈیا اینفلوئینسرز کے مزے ہی مزے ، فیس بک کا ماہانہ تین ہزار ڈالرز دینے کا اعلان

دنیا کے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں شامل فیس بک  نے ڈیجیٹل کریئیٹرز کو اپنی جانب راغب کرنے کیلئے ایک نیا مالیاتی پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت منتخب افراد کو ماہانہ ہزاروں ڈالر تک ادائیگی کی جائے گی۔

میٹا پلیٹ فامز  کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کو “کنٹینٹ فاسٹ ٹریک” کا نام دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد دیگر پلیٹ فارمز جیسے انسٹاگرام، ٹک ٹاک  اور یویوب  پر مقبول کریئیٹرز کو فیس بک کی طرف منتقل کرنا ہے۔

پروگرام کے تحت ایسے کریئیٹرز جن کے فالوورز کی تعداد 10 لاکھ یا اس سے زائد ہے، وہ زیادہ سے زیادہ تین ماہ کے لیے ہر ماہ 3 ہزار ڈالر تک کما سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے انہیں ماہانہ کم از کم 15 مختصر ویڈیوز (ریلز) اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔

دوسری جانب وہ صارفین جن کے فالوورز کی تعداد اس حد سے کم ہے، انہیں بھی اس اسکیم میں شامل ہونے کا موقع دیا گیا ہے۔ ایسے کریئیٹرز مخصوص اہداف پورے کرنے کی صورت میں ماہانہ ایک ہزار ڈالر تک حاصل کر سکتے ہیں۔

فی الحال یہ پروگرام صرف امریکا اور کینیڈا میں محدود پیمانے پر متعارف کروایا گیا ہے، اور اس میں شرکت کے خواہشمند افراد کو دیگر پلیٹ فارمز پر اپنی مقبولیت کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔

اگرچہ میٹا اس اقدام کو ایک بڑی پیشکش کے طور پر پیش کر رہا ہے، تاہم ڈیجیٹل میڈیا ماہرین اس پر ملا جلا ردعمل ظاہر کر رہے ہیں۔ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق یہ حکمت عملی دراصل اُن کریئیٹرز کو دوبارہ متحرک کرنے کی کوشش ہے جو وقت کے ساتھ دوسرے پلیٹ فارمز کی جانب منتقل ہو گئے ہیں۔

کریئیٹر انڈسٹری سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑے انفلوئنسرز پہلے ہی برانڈ پارٹنرشپس اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز سے نمایاں آمدن حاصل کر رہے ہیں، اس لیے یہ پیشکش ان کے لیے زیادہ پرکشش ثابت نہیں ہو سکتی۔

مزید برآں، ماہرین کے مطابق فی ویڈیو اوسطاً تقریباً 200 ڈالر کی ادائیگی بعض صورتوں میں پروڈکشن اخراجات کو بھی پورا نہیں کر پاتی، جس کے باعث بڑے کریئیٹرز کو فیس بک پر واپس لانا ایک مشکل ہدف بن سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ پروگرام خاص طور پر نئے اور درمیانے درجے کے کریئیٹرز کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، تاہم بڑے ناموں کو متاثر کرنا میٹا کے لیے ایک بڑا چیلنج رہے گا۔