تل ابیب: سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) کے بعض اہلکاروں نے ڈیوٹی انجام دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کی بنیادی وجہ حفاظتی بنکرز کی کمی بتائی جا رہی ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق رضاکار فوجی اہلکاروں نے راکٹ اور میزائل حملوں کے دوران ناکافی تحفظ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارہا مطالبات کے باوجود بنکرز کی فراہمی کو لاجسٹک مسائل کا جواز دے کر مؤخر کیا جا رہا ہے۔
متاثرہ اہلکاروں نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ خطرے کے وقت ان کے پاس مناسب پناہ گاہیں موجود نہیں ہوتیں، جس کے باعث ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق رہتا ہے۔ ایک اہلکار کے مطابق سائرن بجنے پر وہ صرف بنیادی حفاظتی اقدامات پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔
فوجی حلقوں میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ جدید عسکری صلاحیتوں کی حامل فوج اپنے ہی اہلکاروں کے لیے بنیادی حفاظتی سہولیات فراہم کرنے میں کیوں ناکام ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاملہ نہ صرف آپریشنل کارکردگی بلکہ اہلکاروں کے مورال پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔