حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران تنازع، ٹرمپ انتظامیہ کو بڑا دھچکا، مستعفی سربراہ کا پالیسی پر سخت اعتراضات Home / بین الاقوامی /

ایران تنازع، ٹرمپ انتظامیہ کو بڑا دھچکا، مستعفی سربراہ کا پالیسی پر سخت اعتراضات

ایڈیٹر - 18/03/2026
ایران تنازع، ٹرمپ انتظامیہ کو بڑا دھچکا، مستعفی سربراہ  کا پالیسی پر سخت اعتراضات

امریکا کے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے ڈائریکٹر  جو کینٹ نے ایران سے متعلق جاری کشیدگی پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا استعفیٰ ارسال کرتے ہوئے حکومتی پالیسی سے اختلاف کا اظہار کیا۔

مستعفی ہونے والے عہدیدار کا مؤقف ہے کہ وہ ایران کے خلاف جاری جنگی حکمت عملی کی حمایت نہیں کر سکتے، کیونکہ ان کے بقول ایران نے امریکی عوام کے لیے براہِ راست کوئی خطرہ پیدا نہیں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ تنازع اسرائیل اور اس سے وابستہ اثرورسوخ رکھنے والے حلقوں کے دباؤ کے تحت شروع کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی قیادت کو ایران کے خطرے کے حوالے سے گمراہ کن معلومات فراہم کی گئیں، جبکہ اسرائیلی حکام اور بعض میڈیا اداروں نے بھی اس بیانیے کو تقویت دی۔ ان کے مطابق یہ حکمت عملی ماضی میں عراق جنگ کے دوران اختیار کیے گئے طریقہ کار سے مشابہ ہے۔

مستعفی ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ وہ ایسی جنگ کی حمایت نہیں کرتے جس میں آئندہ نسلوں کو نقصان اٹھانا پڑے اور جس کا امریکی عوام کو کوئی واضح فائدہ نہ ہو۔