حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران کی نئی قیادت کا سخت موقف: امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں کمی کی تجاویز مسترد Home / بین الاقوامی /

ایران کی نئی قیادت کا سخت موقف: امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں کمی کی تجاویز مسترد

ایڈیٹر - 17/03/2026
ایران کی نئی قیادت کا سخت موقف: امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں کمی کی تجاویز مسترد

ایران کے نئے سپریم لیڈرایت اللہ مجتبٰی خامنہ ای  نے امریکا کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کی ثالثی کی گئی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔ یہ تجاویز دو مختلف ممالک کی جانب سے ایران تک پہنچائی گئی تھیں، تاہم ایرانی قیادت نے ان پر کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئیٹرز کے مطابق ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنی پہلی خارجہ پالیسی کی میٹنگ میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف انتہائی سخت مؤقف اختیار کیا۔ عہدیدار نے واضح کیا کہ نئے سپریم لیڈر کا رویہ انتقامی کارروائیوں کے حوالے سے سخت اور سنجیدہ ہے، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ خود اجلاس میں موجود تھے یا نہیں۔

دوسری جانب ایران اور امریکا و اسرائیل کے درمیان جاری جنگ تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے، جس میں اب تک کم از کم 2 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور جنگ بندی کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز بھی بند ہے، جس کے باعث عالمی توانائی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور مہنگائی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے اتحادی ممالک سے اس گزرگاہ کو دوبارہ کھلوانے میں مدد طلب کی تھی، تاہم اس درخواست کو خاطر خواہ حمایت نہیں ملی۔ مزید برآں، 14 مارچ کو مختلف ذرائع نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے لیے اتحادی ممالک کی سفارتی کوششوں کو بھی مسترد کر دیا ہے۔

یہ صورتحال خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہی ہے اور عالمی توانائی مارکیٹ پر بھی براہ راست اثر ڈال رہی ہے، جبکہ جنگ کے جلد خاتمے کے امکانات اب تک معدوم نظر آتے ہیں۔