ٹوکیو / کینبرا: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں جاپان اور آسٹریلیا نے آبنائے ہرمز کی سکیورٹی کے لیے اپنے جنگی بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔
آسٹریلیا کی وزیر ٹرانسپورٹ کیتھرین کنگ نے ایک بیان میں کہا کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز میں جنگی جہاز تعینات نہیں کرے گا۔ انہوں نے آسٹریلوی نشریاتی ادارے آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ یہ سمندری راستہ عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہے، تاہم آسٹریلیا سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ درخواست نہیں کی گئی اور نہ ہی حکومت اس مشن میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتی ہے۔
دوسری جانب جاپان کے وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی نے پارلیمنٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جاپان فی الحال سمندری سکیورٹی آپریشن شروع کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں نیٹو اور دیگر اتحادی ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اپنے جنگی بحری جہاز تعینات کریں۔