حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران جنگ پر امریکا میں سیاسی ہنگامہ، ٹرمپ کی جماعت کے اندر اختلافات نمایاں Home / بین الاقوامی /

ایران جنگ پر امریکا میں سیاسی ہنگامہ، ٹرمپ کی جماعت کے اندر اختلافات نمایاں

ایڈیٹر - 15/03/2026
ایران جنگ پر امریکا میں سیاسی ہنگامہ، ٹرمپ کی جماعت کے اندر اختلافات نمایاں

واشنگٹن:ایران کے خلاف جاری جنگ نے امریکا کی داخلی سیاست میں نئی کشیدگی پیدا کر دی ہے اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن پارٹی کے اندر واضح اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریپبلکن رہنماؤں اور کارکنوں میں اس معاملے پر رائے منقسم ہے۔ کچھ رہنما ایران کے خلاف کارروائی کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ پارٹی کے متعدد قدامت پسند حلقے اسے غیر ضروری اور خطرناک قرار دیتے ہوئے تنقید کر رہے ہیں۔ بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ ریپبلکن حلقوں میں یہ مؤقف بھی زور پکڑ رہا ہے کہ یہ تنازع دراصل اسرائیل  سے جڑا ہوا ہے اور امریکا کو براہِ راست اس جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔امریکی میڈیا کی معروف شخصیت ٹکر کارلسن نے بھی اس پالیسی پر کھل کر اعتراض کیا اور کہا کہ امریکا کو جلد از جلد اس تنازع سے نکل جانا چاہیے۔ اسی طرح مقبول پوڈکاسٹر جو روگن نے اس جنگ کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔

سروے رپورٹس کے مطابق امریکی عوام کی ایک بڑی تعداد بھی ایران کے معاملے پر ٹرمپ کی پالیسی سے مطمئن نہیں۔ اندازوں کے مطابق 54 فیصد شہری اس حکمت عملی سے اختلاف کرتے ہیں۔ جماعتی سطح پر تقریباً 89 فیصد ڈیموکریٹک پارٹی  کے حامی جنگ کے مخالف ہیں جبکہ تقریباً 77 فیصد ریپبلکن ووٹر اس کی حمایت کرتے ہیں، تاہم پارٹی کے اندر بھی واضح تقسیم دیکھی جا رہی ہے۔کانگریس میں بھی اس مسئلے پر اختلافات سامنے آئے ہیں۔ ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی  نے ایک ایسے بل کی حمایت کی جس کے تحت کانگریس کو جنگ سے متعلق فیصلوں پر اختیار دیا جا سکتا تھا، تاہم یہ تجویز منظور نہ ہو سکی۔رپورٹس کے مطابق جنگی کارروائیوں کے دوران اب تک کم از کم 13 امریکی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں عراق  میں پیش آنے والے ایک طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے چھ فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ صورتحال آئندہ امریکی انتخابات میں بھی سیاسی منظرنامے کو متاثر کر سکتی ہے۔