بغداد میں واقع بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قریب موجود امریکی فوجی تنصیبات کو مبینہ طور پر ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ خبر ایجنسی کے مطابق ڈرون بغداد ایئرپورٹ کمپلیکس کی سمت بڑھ رہا تھا، تاہم وہ ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی کمپلیکس کے بیرونی حصے میں گر کر تباہ ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق مذکورہ کمپلیکس میں امریکی فوج کا ایک اڈہ اور سفارتی عملے سے متعلق تنصیبات بھی موجود ہیں۔ ڈرون گرنے کے بعد علاقے میں آگ بھڑک اٹھی، جسے بعد ازاں قابو میں لے لیا گیا۔
تاحال اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق حملے کے محرکات اور ذمہ دار عناصر کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔