ایران نے عالمی توانائی کی صورتحال اور حالیہ جنگی کشیدگی کے تناظر میں امریکا پر شدید تنقید کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا نے کئی ماہ تک مختلف ممالک، خصوصاًانڈیا، پر دباؤ ڈالا کہ وہ روس سے تیل کی خریداری بند کریں، مگر موجودہ حالات میں خود امریکا روسی تیل کے حصول کے لیے دنیا سے درخواستیں کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کو یہ امید تھی کہ روس کے خلاف سخت پالیسی اختیار کرنے پر انہیں امریکا کی مکمل حمایت حاصل ہوگی، تاہم موجودہ صورتحال نے ان توقعات کو غلط ثابت کر دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق حالیہ جنگ اور عالمی منڈی میں پیدا ہونے والی بے یقینی کے باعث توانائی کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب امریکا کو روسی تیل کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران عالمی توانائی منڈی میں اتار چڑھاؤ بڑھ گیا ہے اور روسی تیل کی فراہمی عالمی سیاست اور معیشت میں ایک بار پھر اہم موضوع بن گئی ہے۔