حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خلیج میں بڑا دھماکہ خیز دعویٰ، ایران کا امریکی طیارہ بردار جہاز کو نشانہ بنانے کا اعلان Home / بین الاقوامی /

خلیج میں بڑا دھماکہ خیز دعویٰ، ایران کا امریکی طیارہ بردار جہاز کو نشانہ بنانے کا اعلان

ایڈیٹر - 13/03/2026
خلیج میں بڑا دھماکہ خیز دعویٰ، ایران کا امریکی طیارہ بردار جہاز کو نشانہ بنانے کا اعلان

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ میزائل اور ڈرون حملے میں امریکی بحریہ کے طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، تاہم اس دعوے پر امریکا کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ خطے میں جاری فوجی کشیدگی کے دوران کیا گیا جس میں امریکی بحریہ کے اس اہم جنگی جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں نقصان کی نوعیت، جہاز کی موجودہ حالت یا ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب امریکی فوج یا امریکی بحریہ کی طرف سے اس دعوے کی تصدیق یا تردید کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ ابراہم لنکن ایک ایٹمی توانائی سے چلنے والا نِمٹز کلاس طیارہ بردار جہاز ہے جو امریکی بحری بیڑے کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے اور ماضی میں مشرق وسطیٰ اور ہند-بحرالکاہل میں متعدد فوجی مشنز میں تعینات رہ چکا ہے۔

ادھر ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے چودھویں روز ایران نے رات گئے اسرائیل پر میزائل حملوں کی 44ویں لہر بھی داغ دی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق تل ابیب کے فضائی دفاعی نظام کو میزائل روکنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا جبکہ شہر میں خطرے کے سائرن بھی بج اٹھے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق شمالی علاقے گلیل میں ایک راکٹ گرنے کے بعد زخمیوں کی تعداد 80 تک پہنچ گئی، جبکہ ایک میزائل حائفہ کے قریب ایک عمارت سے ٹکرایا جس سے عمارت کو نقصان پہنچا۔

اسی دوران امریکا اور اسرائیل کی جانب سے بھی ایران کے مختلف شہروں، جن میں تہران، کاشان، اصفہان، قم اور ارک شامل ہیں، میں فضائی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ جاری جنگ کے باعث صورتحال انتہائی پیچیدہ ہو چکی ہے اور اب تک 1400 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ کئی رہائشی علاقے بھی حملوں کی زد میں آئے ہیں۔