ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا آج ایک مختلف نوعیت کا یوم القدس دیکھ رہی ہے اور القدس کی آزادی کا وقت قریب آ چکا ہے۔ پاسداران انقلاب گارڈز کے بیان کے مطابق آزادی کی جدوجہد کرنے والوں اور مظلوموں کی فتح اب زیادہ دور نہیں رہی۔
ایرانی گارڈز کا کہنا ہے کہ “آپریشن وعدہ صادق 4” کے تحت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس آپریشن کی 44ویں لہر آج صبح القدس کے شہداء کی یاد میں شروع کی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بابرکت رمضان کی تئیسویں صبح کے موقع پر خطے میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق کارروائیوں کے دوران میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے اسرائیلی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مزید یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس دوران امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بھی ہدف بنایا گیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایک وسیع اور مسلسل عسکری مہم کا حصہ ہیں جو مختلف مراحل میں جاری رہے گی۔