حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آبنائے ہرمز میں بھارتی کارگو جہاز پر حملہ، ایران کا نئی دہلی کی پالیسی پر سخت پیغام Home / بین الاقوامی /

آبنائے ہرمز میں بھارتی کارگو جہاز پر حملہ، ایران کا نئی دہلی کی پالیسی پر سخت پیغام

ایڈیٹر - 12/03/2026
آبنائے ہرمز میں بھارتی کارگو جہاز پر حملہ، ایران کا نئی دہلی کی پالیسی پر سخت پیغام

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایران  اورانڈیا کے تعلقات میں بھی تناؤ کی جھلک سامنے آنے لگی ہے، جہاں آبنائے ہرمز میں بھارت جانے والے ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ تجزیہ کار اس حملے کو خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور بھارت کی خارجہ پالیسی کے تناظر میں اہم قرار دے رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئیٹرز  کے مطابق تھائی لینڈ کے مال بردار جہاز مایوری ناری کو اہم سمندری گزرگاہ ابنائے ہرمز میں ایک پروجیکٹائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ مذکورہ جہاز پر بھارت کی ریاست گجرات کے لیے تجارتی سامان لے جایا جا رہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق حملے کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور اس کے انجن روم کو شدید نقصان پہنچا۔ تاہم بروقت کارروائی کے باعث جہاز کے عملے کے متعدد ارکان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ساتھ ساتھ ایران اور بھارت کے درمیان تعلقات میں موجود پیچیدگی کو بھی نمایاں کرتا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق تہران بھارت کی اس پالیسی پر ناراضی کا اظہار کر رہا ہے جس میں وہ ایک طرف ایران کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کی بات کرتا ہے جبکہ دوسری جانب اسے اسرائیل  کے قریب تصور کیا جاتا ہے۔

بین الاقوامی امور کے مبصرین کا خیال ہے کہ حالیہ پیش رفت کو ایران کی جانب سے ایک سخت سفارتی پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے ذریعے نئی دہلی کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کا اشارہ دیا جا سکتا ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی تجارتی راستوں اور سمندری سلامتی کے حوالے سے بھی خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔