حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خلیجی حالات بگڑنے لگے — ہزاروں پاکستانی بے روزگار، پاکستان واپسی کی تیاریاں شروع Home / بین الاقوامی /

خلیجی حالات بگڑنے لگے — ہزاروں پاکستانی بے روزگار، پاکستان واپسی کی تیاریاں شروع

ایڈیٹر - 12/03/2026
خلیجی حالات بگڑنے لگے — ہزاروں پاکستانی بے روزگار، پاکستان واپسی کی تیاریاں شروع

خلیجی ممالک میں بڑھتی ہوئی سیاسی و معاشی کشیدگی کے اثرات پاکستانی محنت کشوں پر بھی نمایاں طور پر مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ تقریباً دس روز کے دوران متعدد پاکستانی شہریوں کی ملازمتیں متاثر ہوئی ہیں، جس کے باعث وہ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، خصوصاً پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، سوات، بونیر اور مالاکنڈ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد خلیجی ریاستوں میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ تاہم حالیہ کشیدہ حالات کے باعث بڑی تعداد میں ملازمتیں ختم ہونے یا معطل ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں کو کرایہ، خوراک اور دیگر بنیادی اخراجات پورے کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ صورتحال کے باعث ان محنت کشوں میں تشویش پائی جا رہی ہے اور وہ مسلسل اپنے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔

دوسری جانب یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ اگر حالات میں جلد بہتری نہ آئی تو بڑی تعداد میں پاکستانیوں کی وطن واپسی کا امکان بڑھ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس ممکنہ صورتحال کے پاکستان کی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، کیونکہ خلیجی ممالک سے آنے والی ترسیلات زر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔