حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مشرقِ وسطیٰ میں آگ بھڑک اٹھی؟ ایران کا تین گھنٹے تک مسلسل میزائل و ڈرون حملہ، اسرائیل اور امریکی اہداف لرز اٹھے Home / بین الاقوامی /

مشرقِ وسطیٰ میں آگ بھڑک اٹھی؟ ایران کا تین گھنٹے تک مسلسل میزائل و ڈرون حملہ، اسرائیل اور امریکی اہداف لرز اٹھے

ایڈیٹر - 11/03/2026
مشرقِ وسطیٰ میں آگ بھڑک اٹھی؟ ایران کا تین گھنٹے تک مسلسل میزائل و ڈرون حملہ، اسرائیل اور امریکی اہداف لرز اٹھے

ایران کی عسکری قوت پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیلی اور امریکی اہداف کے خلاف ایک بڑے حملے کا دعویٰ کیا ہے جس میں جدید میزائلوں اور ڈرونز کا بھرپور استعمال کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی مسلسل تین گھنٹے تک جاری رہی اور اسے اب تک کا سب سے طاقتور حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی “آپریشن وعدہ صادق” کی 37 ویں لہر کا حصہ تھی۔ اس دوران ایرانی افواج نے اسرائیل کے مختلف حساس مقامات اور خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے جدید میزائل سسٹمز استعمال کیے، جن میں جدید خرمشہر میزائل بھی شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق حملوں کے دوران تل ابیب کے جنوبی علاقے میں واقع سیٹلائٹ کمیونیکیشن سینٹر کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح اسرائیلی شہر حیفہ میں بعض فوجی تنصیبات کو بھی ہدف بنایا گیا، جبکہ عراق کے شہر اربیل میں موجود امریکی فوجی اڈے پر بھی میزائل حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج دشمن کے خلاف جوابی کارروائیاں جاری رکھیں گی اور یہ سلسلہ اس وقت تک رکے گا نہیں جب تک امریکی اور اسرائیلی اہداف کو مکمل طور پر ناکام نہ بنا دیا جائے۔

خطے میں اس تازہ پیش رفت کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ عالمی مبصرین صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔