عمان نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین اور اخلاقی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔
عرب وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے عمان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پر حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری تھیں۔ ان کے بقول فوجی کارروائیوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے اور خطے کو ایک خطرناک مرحلے پر لا کھڑا کیا ہے۔
انہوں نے ایران کی جانب سے ہمسایہ ممالک کے خلاف جوابی اقدامات پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور تمام فریقوں پر زور دیا کہ فوری جنگ بندی کرتے ہوئے مذاکرات اور سفارتکاری کا راستہ اختیار کیا جائے۔
عمانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر تنازع مزید بڑھا تو اس کے اثرات صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی سطح پر سمندری راستوں، تجارتی سپلائی چین اور عالمی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔