مجتبیٰ خامنہ ای کے ایران کے نئے سپریم لیڈر منتخب ہونے کے بعد ملکی عسکری قیادت نے ان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ پاسدارن انقلاب کور نے ایک سرکاری بیان میں نئی قیادت کے ساتھ مکمل وفاداری کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سپریم لیڈر کے احکامات پر عملدرآمد کے لیے ہر وقت تیار رہیں گے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارکباد دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ادارہ ان کی قیادت میں اسلامی انقلاب کے نظریات اور ریاستی نظام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ نئے سپریم لیڈر کا انتخاب اس امر کی علامت ہے کہ اسلامی انقلاب اور حکومتی نظام کسی ایک شخصیت تک محدود نہیں بلکہ ایک مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچے پر قائم ہے۔
رپورٹس کے مطابق 88 ارکان پر مشتمل ادارے مجلس خبر گان نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ملک کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا۔ اس کے بعد ایران کی مسلح افواج نے بھی ان کی قیادت کو تسلیم کرتے ہوئے وفاداری کا عہد کیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ایران میں قیادت کی اس تبدیلی کے بعد ملکی دفاعی اور سیاسی اداروں کی جانب سے نئی قیادت کی حمایت خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔