خلیجی ممالک میں عیدالفطر کی ممکنہ تاریخ سے متعلق فلکیاتی ماہرین نے پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق اس سال عیدالفطر غالباً جمعہ 20 مارچ 2026 کو منائی جائے گی۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کے معروف فلکیاتی ادارے العجیری سائنٹیفک سینٹر نے شوال المکرم کے چاند کے حوالے سے اپنے فلکیاتی حسابات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ 18 مارچ 2026 کو، جو کہ 29 رمضان المبارک کے برابر ہوگا، شام کے وقت چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔
مرکز کے بیان کے مطابق اس روز کویت سمیت خلیجی خطے کے بیشتر ممالک میں چاند سورج غروب ہونے سے پہلے ہی افق سے نیچے چلا جائے گا، جس کی وجہ سے فلکیاتی اعتبار سے چاند کا دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ اسی بنا پر اس دن شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی عملی توقع نہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ نئے قمری چاند کی پیدائش جمعرات 19 مارچ کو کویتی وقت کے مطابق صبح تقریباً 4 بج کر 23 منٹ پر ہوگی، جو اس بات کی واضح نشاندہی کرتی ہے کہ اس سے ایک رات قبل چاند کا مشاہدہ ممکن نہیں۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق ان حسابات کی بنیاد پر رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہونے کا قوی امکان ہے اور جمعرات 19 مارچ رمضان المبارک کا آخری دن ہو سکتا ہے۔ اس صورت میں خلیجی ممالک میں عیدالفطر جمعہ 20 مارچ 2026 کو منائے جانے کا امکان ہے۔
العجیری سائنٹیفک سینٹر نے واضح کیا ہے کہ ہجری مہینوں کے آغاز اور عیدالفطر کے باضابطہ اعلان کا اختیار متعلقہ ممالک کے سرکاری اور شرعی حکام کے پاس ہوتا ہے، جو چاند کی شرعی رویت کے بعد حتمی فیصلہ جاری کرتے ہیں۔