بیجنگ: وانگ یی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اہم سفارتی پیش رفت کرتے ہوئے خطے میں ثالثی کی کوششوں کے تحت چین کا خصوصی نمائندہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ وانگ ای نے ٹیلیفونک رابطوں کے دوران سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ سے خطے کی سکیورٹی صورتحال اور جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران وانگ ای نے سعودی عرب کے اس مؤقف کو سراہا جس میں مسائل کے حل کے لیے تحمل اور سفارتی و پُرامن ذرائع اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔
چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تنازعات کے دوران شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ایک بنیادی اصول ہے اور اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ توانائی تنصیبات اور دیگر غیر عسکری اہداف کو نشانہ بنانا بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہے۔ وانگ ای کے مطابق چین خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے اور اسی مقصد کے تحت جلد ہی اپنا خصوصی نمائندہ مشرقِ وسطیٰ روانہ کرے گا تاکہ فریقین کے درمیان سفارتی رابطوں کو مضبوط بنایا جا سکے۔