حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
دبئی کے قریب آسٹریلوی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ، خطے میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ Home / بین الاقوامی /

دبئی کے قریب آسٹریلوی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ، خطے میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ

ایڈیٹر - 03/03/2026
دبئی کے قریب آسٹریلوی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ، خطے میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ

دبئی کے قریب واقع المِنہاد کے علاقے میں قائم آسٹریلوی فوجی تنصیب پر ڈرون حملے کے واقعے نے خطے میں سکیورٹی کی صورتحال پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حملے کی تصدیق آسٹریلیا کے وزیرِ دفاع رچرڈ مارلز  نے کی ہے۔

وزیرِ دفاع کے مطابق متحدہ عرب امارات میں واقع المنہاد ایئر بیس کو ایران کی جانب سے ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، تاہم اس واقعے میں کسی بھی آسٹریلوی فوجی اہلکار کو جانی نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ حملے سے قبل حفاظتی انتظامات کے تحت تمام اہلکاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا، جس کے باعث کسی قسم کا بڑا نقصان نہیں ہوا۔

رچرڈ مارلس نے مزید کہا کہ واقعے کے فوراً بعد بیس اور اس کے اطراف میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ حملہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا مظہر ہے، جس کے پیش نظر آسٹریلیا اپنے فوجی اہلکاروں کی سلامتی کو اولین ترجیح دے رہا ہے اور اتحادی ممالک سے مسلسل رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ یہ فوجی تنصیب دبئی  سے تقریباً چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور طویل عرصے سے آسٹریلین ڈیفنس فورس کے لیے ایک اہم لاجسٹک اور آپریشنل مرکز کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس بیس کو 2003ء سے مشرق وسطیٰ اور افغانستان  سے متعلق فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

2021ء میں افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد یہاں تعینات آسٹریلوی اہلکاروں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی تھی، تاہم یہ اڈہ اب بھی خطے میں آپریشنل معاونت اور رسد کی فراہمی کے لیے فعال ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق اس بیس کی جغرافیائی اہمیت اسے حساس مقامات میں شامل کرتی ہے، جس کے باعث اس پر سکیورٹی خطرات ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔