واشنگٹن / اوٹاوا: امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں بگڑتی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کو فوری طور پر 14 ممالک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
يونائیٹڈ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف سٹیٹ کی جانب سے جاری کردہ سفری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بحرین، مصر، ایران، عراق، اسرائیل (بشمول مغربی کنارے اور غزہ)، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن میں موجود امریکی شہری حفاظتی خدشات کے باعث اپنی ذمہ داری پر جلد از جلد ان ممالک سے روانہ ہو جائیں۔
امریکی حکام کے مطابق خطے میں سکیورٹی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں اور کسی بھی وقت میزائل یا ڈرون حملوں کا خطرہ موجود ہے۔ ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوجی اڈوں، سرکاری تنصیبات اور دیگر حساس مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر یقینی حالات کے باعث سفری اور فضائی آپریشنز متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے امریکی شہری متبادل سفری انتظامات پر بھی غور کریں اور مقامی حالات پر مسلسل نظر رکھیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ہنگامی ہدایت خطے میں بڑھتی کشیدگی اور ممکنہ عسکری تصادم کے خدشات کو ظاہر کرتی ہے، جس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔