تہران: خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران چین نے ایران کے لیے اپنی سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ بیجنگ تہران کی قومی سلامتی اور علاقائی وحدت کے دفاع کو جائز سمجھتا ہے۔ چینی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق گفتگو میں اس امر کو نمایاں کیا گیا کہ موجودہ صورتحال میں ایران کی خودمختاری کا احترام ناگزیر ہے اور خطے کو مزید عدم استحکام سے بچانے کے لیے کشیدگی میں کمی ضروری ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں اور بیجنگ کو اس تنازع کے دائرہ کار میں اضافے پر شدید تشویش لاحق ہے۔
ترجمان نے متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر عسکری سرگرمیاں روکیں اور ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین عالمی معاملات میں طاقت کے استعمال کی پالیسی کی مخالفت کرتا ہے اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی راستے کو ترجیح دیتا ہے۔
علاقائی حالات کے تناظر میں چین کا یہ واضح مؤقف عالمی سفارتی منظرنامے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔