ویانا: انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کا کہنا ہے کہ اب تک کسی ایرانی جوہری تنصیب کو نشانہ یا نقصان پہنچانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں آئی اے ای اے کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گراسی نے کہا کہ اب تک کسی ایرانی جوہری تنصیب کو نشانہ یا نقصان پہنچانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی نیوکلیئر اتھارٹی سے رابطہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ امید ہے کہ جلد از جلد ایران کے ساتھ رابطے کا ایک چینل قائم ہو جائے گا۔
رافیل گراسی نے فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام فوجی کارروائیوں میں انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی میں ایرانی نمائندے سے پوچھا گیا کہ ایران میں کون کون سے جوہری تنصیبات پر حملہ کیا گیا؟ اس پر ایرانی نمائندے نے جواب دیا کہ ایران میں نتنز جوہری تنصیب پر حملہ ہوا ہے۔