ایران کے خلیجی ممالک میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ان ممالک نے احتیاطی تدابیر کو مزید سخت کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت میں تراویح کی نمازوں کے اجتماعات کو معطل کر دیا گیا جب کی قطر نے اجتماعی افطار تقریبات پر بھی پابندی لگادی۔ کویت کی وزارت اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کی مساجد میں رمضان کے دوران ادا کی جانے والی نماز تراویح اب تا حکم ثانی ادا نہیں کی جائیں گی۔
وزارت کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر عوام کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکام کا مزید کہنا کہ صورتحال کا مسلسل جائز و لیا جارہا ہے اور حالات بہتر ہونے پر عبادات معمول کے مطابق بحال کر دی جائیں گی۔ اسی دوران قطر نے بھی ملک بھر میں افطار تقریبات اور دیگر اجتماعات عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔
قطری حکام نے اعلان کیا کہ ہوٹلوں اور سیاحتی مقامات پر تمام تفریحی اور عوامی پروگرام بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث قطر نے احتیاطی اقدام کے طور پر تمام سرکاری ملازمین کیلئے عارضی طور پر ورک فرام ہوم کا اعلان کیا گیا ہے۔
قطر کے سول سروس اینڈ گورنمنٹ ڈیولپمنٹ بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی تمام وزارتوں ،سرکاری اداروں اور پبلک باڈیز کے ملازمین آئندہ روز اپنے دفاتر آنے کے بجائے گھروں سے کام کریں گے۔