ایران نے امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے جواب میں اسرائیل پر ایک بار پھر بیلسٹک میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اسرائیلی وزارتِ دفاع کی عمارت کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 21 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں کے بعد تل ابیب میں متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی اور کئی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
ادھر عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے علاقوں دبئی مرینہ اور دبئی ہلز میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام متحرک ہے اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔