حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ٹرمپ کی ایران کو سخت وارننگ: "بڑا حملہ ہوا تو جواب پہلے سےزیادہ تباہ کن ہوگا Home / بین الاقوامی /

ٹرمپ کی ایران کو سخت وارننگ: "بڑا حملہ ہوا تو جواب پہلے سےزیادہ تباہ کن ہوگا

ایڈیٹر - 01/03/2026
ٹرمپ کی ایران کو سخت وارننگ:

 امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران آج ایک بڑے حملے کی تیاری کر رہا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو امریکا کی جوابی کارروائی غیر معمولی شدت کی حامل ہوگی۔ انہوں نے اتوار کی صبح اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایران نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ایسا حملہ کرنے جا رہا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔ صدر ٹرمپ نے لکھا کہ ایران کو ایسا قدم اٹھانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ کسی بھی حملے کی صورت میں امریکا ایسی طاقت سے جواب دے گا جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی ہوگی۔

اس سے قبل ایک بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران پر حالیہ حملوں کے بعد سفارتی حل تک پہنچنا پہلے کی نسبت آسان ہو گیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امریکا بہتر پوزیشن میں ہے اور ایران کو سخت نقصان پہنچنے کے باعث مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق صورتحال ایک دن پہلے کے مقابلے میں واضح طور پر مختلف ہے اور امریکا کو سفارتی پیش رفت کی امید ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی توقع سے کم رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اسرائیل اور خطے میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا، تاہم حملوں کی شدت وہ نہیں تھی جس کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو اس سے کہیں زیادہ بڑے ردعمل کی توقع تھی۔

ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ایران میں آیت اللہ علی خامنہ ای کے بعد اب کون احکامات جاری کر رہا ہے، تاہم انہوں نے کسی نام کا ذکر نہیں کیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ موجودہ ایرانی قیادت کو قابل قبول سمجھتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں کچھ موزوں امیدوار موجود ہیں۔ حالیہ بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور عالمی سطح پر صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔