صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہمارا مقصد ایرانی حکومت کی جانب سے آنے والے خطرات کو ختم کرکے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل امریکی فوج نے ایران کے خلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کیا ہے، ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، ہم ایران کے میزائل سسٹم اور میزائل انڈسٹری کو تباہ کر دیں گے، ہم ایران کی بحریہ کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے، امریکا نے خطے میں امریکی اہلکاروں کو لاحق خطرات کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران کے خلاف میزائل حملے کیے ہیں۔
امریکا ایران پر فضائی اور سمندر سے حملے کر رہا ہے جب کہ اسرائیل بھی ایران کے خلاف فضائی کارروائیاں کر رہا ہے۔
امریکا اور اسرائیل نے ایرانی دارالحکومت تہران، اصفہان، تبریز، قم اور کرج میں حملے کیے، تہران میں بھی دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے اپنی فضائی حدود کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا اور ایران نے امریکا اور اسرائیل کو سخت ترین جواب کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔