حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ طور پر ایران پر حملہ Home / بین الاقوامی /

امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ طور پر ایران پر حملہ

ایڈیٹر - 28/02/2026
امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ طور پر ایران پر حملہ

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی دارالحکومت تہران میں 3 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، شمالی علاقوں میں ہونے والے دھماکے ممکنہ طور پر میزائل حملوں کے باعث ہوئے۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران کے مشرق میں ایک دھماکے کی آواز سنی گئی جب کہ شمالی علاقوں میں مزید دو دھماکے ہوئے، یہ امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ حملہ ہے جب کہ غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تہران کے مہر آباد ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی دفاعی اہلکار نے کہا کہ ایران پر کارروائی کی منصوبہ بندی مہینوں پہلے کی گئی تھی۔
اسرائیلی دفاعی اہلکار کا کہنا ہے کہ ایران میں اسرائیل کا آپریشن امریکا کے تعاون سے جاری ہے، ایران پر آپریشن کی منصوبہ بندی مہینوں پہلے کی گئی تھی، ایران پر حملے کی تاریخ ہفتے پہلے طے کی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای تہران میں موجود نہیں، آیت اللہ خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ حملے کے بعد ایران نے اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں، عراق نے بھی فضائی ٹریفک معطل کردی ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران پر پیشگی حملوں کی تصدیق کر دی۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیردفاع نے بھی ایران پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے تہران پر حملہ کیا ہے، ایران پر قبل از وقت حملے کیے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں یونیورسٹی روڈ اور ڈیموکریٹک ایریا پر متعدد میزائل گرے اور تہران میں دھویں کے بادل بھی اٹھتے دیکھے گئے۔

اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اسرائیل بھر میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں، لوگوں کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عوامی اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے، مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے اسرائیل کو لاحق خطرات کو ختم کرنے کے لیے ایران کے خلاف قبل از وقت حملہ کیا۔