اسلام آباد: پاکستان اور یونان کے درمیان قانونی ہجرت کے فروغ اور افرادی قوت کے تبادلے کو وسعت دینے پر پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور یونان کے وزیر برائے امیگریشن کے درمیان اٹلی میں ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ ملاقات میں غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ قانونی ذرائع سے ملازمت کے مواقع بڑھانا غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی کے لیے ناگزیر ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور یونان کے درمیان گزشتہ دو برس سے زیرِ التوا امیگریشن تعاون کے معاہدے پر دستخط جلد مکمل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ملاقات میں دوطرفہ رابطوں اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔ یونانی وزیر نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے اس چیلنج سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ورک ویزوں میں ممکنہ اضافے سے پاکستانی ہنر مند افراد کے لیے یورپی منڈی تک رسائی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔