ریاض ۔ سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، پہلا روزہ آج 18 فروری بروز بدھ کو ہوگا۔ افغانستان نے بھی آج پہلے روزہ کا اعلان کر دیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق مملکت میں رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے پہلی بار جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔
سعودی سپریم کورٹ نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق مملکت میں ( آج) بدھ 18 فروری 2026 یکم رمضان 1447 ہجری ہوگا، متحدہ عرب امارات میں بھی رمضان کا چاند نظر آ گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق قطر میں بھی یکم رمضان آج بدھ 18 فروری کو ہونے کا سرکاری اعلان کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ملائیشیا اور ترکیے میں چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں 19 فروری کو تیکم رمضان کا اعلان کیا گیا ہے، اس کے علاوہ فلپائن، انڈونیشیا، سنگاپور، برونائی ، آسٹریلیا اور عمان میں بھی رمضان کا آغاز (کل) 19 فروری سے ہوگا۔
روس آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان اور ازبکستان میں چاند نظر نہیں آیا۔