حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے بڑا اقدام اُٹھالیا، دنیا کے سب سے بڑے بحری بیڑے تعینات کرنے کا اعلان۔ Home / بین الاقوامی /

امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے بڑا اقدام اُٹھالیا، دنیا کے سب سے بڑے بحری بیڑے تعینات کرنے کا اعلان۔

ایڈیٹر - 14/02/2026
امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے بڑا اقدام اُٹھالیا، دنیا کے سب سے بڑے بحری بیڑے  تعینات کرنے کا اعلان۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز مشرق وسطیٰ میں تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شمالی کیرولینا میں فوجی اڈے سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ ڈیل چاہتے ہیں، توقع ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوں گے، اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو یہ ایران کے لیے بہت برا ہوگا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی بہترین چیز ہوگی جو ہو سکتی ہے، وہ 47 سال سے بات کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز مشرق وسطیٰ میں بھیجا جا رہا ہے۔ اگر ایران جوہری معاہدے پر دستخط نہیں کرتا تو ہمیں اس بحری بیڑے کی ضرورت ہوگی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ کو بحیرہ کیریبین سے مشرق وسطیٰ بھیجا جا رہا ہے جہاں یہ موجودہ امریکی جنگی بیڑے میں شامل ہو جائے گا۔

یو ایس ایس ابراہم لنکن اور اس کے ساتھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر پچھلے دو ہفتوں سے خطے میں تعینات ہیں۔

صدر ٹرمپ کا یہ اعلان اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔

ادھر خلیجی عرب ممالک نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حملے سے خطے میں ایک اور بڑی جنگ چھڑ سکتی ہے۔