پشاور ۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا سمیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملاکنڈ ڈویژن میں ایک ہزار بیڈز پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرشری کیئر ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس منصوبے پر ملاکنڈ ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں سے مشاورت کے ساتھ پیش رفت کی جائے تاکہ عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبے کو حتمی شکل دی جاسکے۔
وزیر اعلیٰ نے مجوزہ ٹرشری کیئر ہسپتال کیلئے درکار زمین کی خریداری کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹرشری کیئر ہسپتال کے قیام سے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کو بڑا طبی ریلیف ملے گا اور شہریوں کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے ہسپتال میں ایمر جنسی ، دل کے امراض اور کڈنی ٹرانسپلانٹ سمیت جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے مریضوں کو علاج کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا جبکہ اس منصوبے سے صوبے میں صحت کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کا نظام صحت پر اعتماد بھی بڑھے گا۔
صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان، اراکین قومی اسمبلی جنید اکبر، ڈاکٹر امجد، اراکین صوبائی اسمبلی شکیل خان اور پیر مصور کے علاوہ محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔