حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران سے مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں، معاہدہ نہ ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے: صدر ٹرمپ Home / بین الاقوامی /

ایران سے مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں، معاہدہ نہ ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے: صدر ٹرمپ

ایڈیٹر - 03/02/2026
ایران سے مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں، معاہدہ نہ ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے اور مذاکرات کا بنیادی مقصد کسی حتمی معاہدے تک پہنچنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فریقین کے درمیان ڈیل طے پا جاتی ہے تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہوگی، تاہم ناکامی کی صورت میں حالات سنگین رخ اختیار کر سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایران کی جانب ایک بڑا بحری بیڑہ روانہ کیا جا رہا ہے، جو حجم کے لحاظ سے وینزویلا بھیجے گئے امریکی بحری بیڑے سے بھی زیادہ بڑا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں نتائج "انتہائی خراب" ہو سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف جمعے کے روز ایرانی وزیر خارجہ سے مذاکرات کریں گے، جنہیں ایران سے متعلق سفارتی کوششوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

عالمی امور پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کے لیے کام جاری ہے اور اس حوالے سے جلد مثبت خبر آنے کی امید ہے۔

وائٹ ہاؤس میں گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ان کا اپسٹین اسکینڈل سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیا کہ امریکی صنعتوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم معدنیات کا اسٹریٹجک ذخیرہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ مستقبل میں صنعتی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔