ایمسٹرڈیم: یورپی ملک ہالینڈ کی حکومت نے شہریت کے خواہشمند غیر ملکیوں کو اہم ریلیف دیتے ہوئے 10 سالہ رہائش کی شرط ختم کردی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہالینڈ کی حکومت نے دوہری شہریت سے متعلق قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں کی تاہم شہریت کے حصول کے لیے طویل مدتی رہائش کی شرط کو واپس لے لیا گیا ہے۔ اس سہولت کے باوجود ہالینڈ میں نئے آنے والوں کو ڈچ شہریت حاصل کرنے کے لیے اپنی سابقہ قومیت ترک کرنا ہوگی۔
حکام کے مطابق بیرون ملک مقیم ڈچ شہری جلد ہی کسی بھی وقت اپنے ڈچ پاسپورٹ سے محروم نہیں ہوں گے تاہم نئے شہریوں کے لیے دوہری شہریت برقرار نہیں رکھی گئی ہے۔ اس طرح ہالینڈ اور آسٹریا اب بھی یورپی یونین کے واحد ممالک ہیں جہاں دوہری شہریت کی اجازت نہیں ہے جبکہ جرمنی نے حال ہی میں اس حوالے سے قانون میں نرمی کی ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہالینڈ میں پیدا ہونے والے ڈچ شہریوں کو متعدد پاسپورٹ رکھنے کی اجازت دینا اور نئے شہریوں کو اس سے محروم کرنا امتیازی سلوک ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق شہریت کے قوانین میں مستقبل میں ممکنہ تبدیلیوں کے بارے میں حکومت کے منصوبے ابھی تک واضح نہیں ہیں۔