حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
قطر میں پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے روزگار کے نئے مواقع، لائسنسنگ قواعد میں نمایاں نرمی Home / بین الاقوامی,پاکستان /

قطر میں پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے روزگار کے نئے مواقع، لائسنسنگ قواعد میں نمایاں نرمی

ایڈیٹر - 29/01/2026
قطر میں پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے روزگار کے نئے مواقع، لائسنسنگ قواعد میں نمایاں نرمی

دوحہ / اسلام آباد: قطر نے پاکستانی طبی ماہرین کے لیے ایک اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے میڈیکل لائسنسنگ کے نظام میں بڑی آسانی متعارف کرا دی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستانی ڈاکٹرز اور سرجنز کے لیے قطر میں ملازمت کے مواقع میں واضح اضافہ متوقع ہے۔

قطری حکام نے پاکستان کے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز (CPSP) کی جانب سے جاری کردہ فرسٹ اور سیکنڈ فیلوشپس کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد سی پی ایس پی سے تربیت یافتہ پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے قطر میں پیشہ ورانہ خدمات انجام دینا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔

پاکستانی سفارتی ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت سیکنڈ فیلوشپ کی بنیاد پر درخواست دینے والے امیدواروں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنی بنیادی اسپیشلٹی میں فرسٹ فیلوشپ مکمل کر چکے ہوں۔ قطری حکام نے یہ اقدام سی پی ایس پی کے تربیتی پروگرامز کے معیار، نصاب اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اٹھایا ہے۔

اس فیصلے کی سب سے اہم شق یہ ہے کہ سی پی ایس پی کے فیلوشپ ہولڈرز کو اب پرومیٹرک امتحان سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے، جس سے میڈیکل لائسنس کے حصول کا عمل نہ صرف تیز بلکہ نسبتاً آسان ہو جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے تجربہ کار پاکستانی ڈاکٹروں اور سرجنز کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، جبکہ پاکستان اور قطر کے درمیان طبی اور پیشہ ورانہ تعاون کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔