سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فونک گفتگو میں واضح کیا ہے کہ سعودی عرب اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کی خودمختاری کے احترام اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتی عمل کی حمایت کرتا ہے۔
یہ گفتگو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ہوئی، جہاں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ایرانی صدر نے سعودی موقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے جنگ سے بچاؤ، امن کے قیام اور مسلم ممالک کے باہمی تعاون پر زور دیا۔