حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران کا امریکا اور اسرائیل پر دہشت گرد سرگرمیوں کی پشت پناہی کا الزام، عالمی فورمز کو باضابطہ آگاہی Home / بین الاقوامی /

ایران کا امریکا اور اسرائیل پر دہشت گرد سرگرمیوں کی پشت پناہی کا الزام، عالمی فورمز کو باضابطہ آگاہی

ایڈیٹر - 27/01/2026
ایران کا امریکا اور اسرائیل پر دہشت گرد سرگرمیوں  کی پشت پناہی کا الزام، عالمی فورمز کو باضابطہ آگاہی

تہران: ایران نے امریکا اور اسرائیل پر دہشت گرد سرگرمیوں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے اس معاملے سے عالمی اداروں کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی انسدادِ دہشت گردی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایسے افراد کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے جن کے مبینہ روابط اسرائیلی خفیہ ادارے سے بتائے جا رہے ہیں۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے حالیہ بدامنی میں مبینہ طور پر ملوث افراد کی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں، جن میں گرفتار شدگان کے بیانات اور کارروائیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے عالمی برادری کو مطلع کیا ہے کہ ان کے بقول امریکا اور اسرائیل خطے میں عدم استحکام اور دہشت گرد عناصر کی سرپرستی میں ملوث ہیں۔ ایران کا مؤقف ہے کہ یہ اقدامات علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور ان کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ایرانی وزارتِ خارجہ نے بھی ایک بیان میں خبردار کیا تھا کہ اگر ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحانہ کارروائی کی گئی تو اس کا سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال پر بین الاقوامی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔