حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ٹرمپ انتظامیہ کی ایران پر نئی شرطیں: چار اہم مطالبات کیا ہیں؟ Home / بین الاقوامی /

ٹرمپ انتظامیہ کی ایران پر نئی شرطیں: چار اہم مطالبات کیا ہیں؟

ایڈیٹر - 27/01/2026
ٹرمپ انتظامیہ کی ایران پر نئی شرطیں: چار اہم مطالبات کیا ہیں؟

واشنگٹن/تہران:  امریکی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ ممکنہ معاملات کے لیے چند سخت شرائط پر غور کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ان شرائط میں ایران سے افزودہ یورینیئم کی مکمل منتقلی، اندرونِ ملک یورینیئم افزودگی کے عمل کا خاتمہ، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل پروگرام پر پابندیاں اور خطے میں موجود اتحادی گروہوں کی حمایت ختم کرنا شامل ہے۔

امریکی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے بحری ناکہ بندی کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے، جس کا مقصد ایران کی تیل کی برآمدات کو روکنا بتایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ایران نے امریکا اور اسرائیل کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی کو مکمل جنگ کے مترادف سمجھا جائے گا۔ ایرانی حکام کے مطابق اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی فوجی جارحیت کا مؤثر اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ سفارتی حلقے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔