اسلام آباد ۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور اپوزیشن لیڈر رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ایمان مزاری اور شوہر کی سزا کے بعد ہو سکتا ہے ہم بھی جیل بھرو تحریک شروع کر دیں۔
تحریک تحفظ آئین کی قیادت نے مزاری ہاؤس میں ایمان مزاری کی والدہ اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے بعد محمود خان اچکزئی، مصطفی نواز کھوکھر اور بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کی اور ایمان مزاری کو دی جانے والی سزا کی شدید الفاظ میں مذمت کی محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہو سکتا ہے ہم جیل بھرو تحریک کا اعلان بھی کر دیں، پھر ہم دیکھتے ہیں کہ یہ کتنے لوگوں کو جیل میں ڈالتے ہیں۔
چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم یہاں ڈاکٹر شیریں مزاری سے اظہار یکجہتی کے لئے آئے ہیں، پاکستان میں لاقانونیت عروج پر ہے اور ادارے کمزور ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ایمان اور ہادی کا ٹرائل ہوا ہم نے اس پر تشویش کا اظہار کیا اور جس انداز سے سزادی گئی وہ بھی نا انصافی ہے۔