خیبرپختونخوا اسمبلی نے امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کے خلاف قرارداد منظور کرلی۔
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی نے پیس بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کے خلاف قرارداد پیش کی۔
قرارداد کے مطابق پاکستان امریکا اور اسرائیل کے بنائے گئے پیس بورڈ میں پاکستان کی شرکت کو مسترد کرتا ہے اور پیس بورڈ کی تشکیل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرارداد کے خلاف ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پیس بورڈ میں غزہ کی قیادت کو نظر انداز کیا گیا، فلسطینی ریاست کے قیام کو پس پشت ڈال کر اسرائیل کے عزائم کو تقویت دینے کی سازش ہے، پاکستان کا اصولی موقف ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطین اور غزہ کی خودمختاری کی حمایت جاری رکھے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف دو ٹوک اور اصولی موقف اختیار کرے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ دنوں غزہ پیس بورڈ کا باقاعدہ اعلان کیا تھا اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی اس پر دستخط کیے تھے۔