باجوڑ ۔ سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کے جرم میں دو کم عمر نوجوان گرفتار۔ سرکل ڈی ایس پی خار عبد العزیز کی نگرانی میں پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر اسلحے کی نمائش کرنے والے دو کم عمر نوجوانوں کے خلاف بروقت کارروائی کرکے گرفتار کرلیا۔ دونوں نوجوان سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش میں ملوث پائی گئی تھے۔ بعد ازاں دونوں کے والدین کو تھانے طلب کیا گیا، جہاں انہیں اس اقدام کی قانونی حیثیت اور ممکنہ نتائج سے آگاہ کرکے دونوں نوجوانوں کو والدین کی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش ناقابلِ برداشت ہے اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں قانون کی پاسداری اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کریں۔ڈی پی او باجوڑ نے مزید کہا کہ ضلعی پولیس نوجوان نسل کی اصلاح اور رہنمائی پر یقین رکھتی ہے، تاہم امن و امان میں خلل ڈالنے یا سوشل میڈیا کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ضلعی پولیس امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کیلئے پرعزم ہے۔