کراچی ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے سب کچھ ہائبرڈ ہو گیا، اس میں چچا آصف زرداری اور اُن کی پارٹی بھی شامل ہے۔
باچا خان کی برسی کے جلسے سے خطاب میں ایمل ولی خان نے کہا کہ جولوگ سمجھتے تھے کہ اے این پی ختم ہوگئی وہ دیکھ لیں، باچا خان اور ولی خان کو سیاست میں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے پختونوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اے این پی کے ساتھ ہیں، یہ کہنا درست نہیں کہ پختون قوم طالبان یا پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔
اے این پی سربراہ نے کہا کہ تیراہ کے لوگ بے یار و مددگار اپنے گھروں کو خالی کر رہے ہیں، لگتا ہے کہ وفاقی حکومت کیلئے خیبر پختو نخوا کوئی حیثیت نہیں رکھتا، انسانی حقوق کی تذلیل پر کوئی بات نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا کہ تیراہ کے لوگوں کو ان کے مستقبل کی ذمے داری دینا لازمی ہے، دہشت گردوں کی سہولت کاری کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم پورے پاکستان میں امن کا مطالبہ کرتے ہیں، لاکھوں پختون کراچی، لاہور، بلوچستان میں رہتے ہیں، میں ان کا حق مانگوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پختون قوم کیلئے ایک پر امن پاکستان ضروری ہے، دہشت گرد قوم اور ریاست کے دشمن ہیں، نواز شریف، ان کی پارٹی اور پارلیمان بھی ہائبرڈ ہوگئی ہے۔