افغانستان میں شدید بارش اور برف باری نے تباہی مچا دی، 61 افراد جانبحق اور 100 سے زائد زخمی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبوں پروان، وردک، جنوبی قندھار، شمالی جوزجان، فاریاب اور وسطی بامیان سمیت دیگر علاقوں میں بدھ سے برف باری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں شدید برف باری اور بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 61 افراد ہلاک اور 110 زخمی ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ کم از کم 458 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں، جب کہ شدید برف باری اور برفانی تودہ گرنے سے اہم شاہراہیں اور بین الصوبائی سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور مویشیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے افغانستان کے بعض علاقوں میں مزید برف باری کا امکان ہے جس سے مزید جانی نقصان کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ یہ قدرتی آفت ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب افغانستان پہلے ہی شدید انسانی بحران کا شکار ہے، جہاں لاکھوں افراد معاشی مشکلات، خوراک کی قلت اور بنیادی خدمات تک محدود رسائی کے باعث امداد پر منحصر ہیں۔