پشاور ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا محمد سہیل آفریدی بھر پور انداز میں اسٹریٹ موومنٹ کی کامیابی کیسا تھ قیادت کر رہے ہیں
اس سلسلے میں پارٹی کی قیادت کے ہمراہ ہزارہ ڈویژن میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کر کے عوامی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کیا جہاں ہزارہ کے غیور عوام نے وزیر اعلیٰ اور دیگر قیادت کا فقید المثال استقبال کیا۔
ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن کے عوام نے بھر پور انداز میں اسٹریٹ موومنٹ میں شامل ہو کر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان تحریک انصاف آج بھی ملک کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے اور بانی چیئر مین عمران خان عوام کے دلوں میں زندہ ہیں،
شفیع جان نے کہا کہ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی واحد امید ہے،
انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کا مقصد ملک میں آئین کی بالا دستی ، قانون کی حکمرانی، حقیقی جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی کا تحفظ ہے،
انھوں نے واضح کیا کہ آئین و قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی جدو جہد جاری رہے گی شفیع جان نے کہا کہ بانی چیئر مین عمران خان کی غیر قانونی، غیر آئینی اور سیاسی انتقام پر مینی گرفتاری در اصل عوام کی آواز دبانے کی ایک ناکام کوشش ہے مگر قوم واضح پیغام دے چکی ہے کہ وہ ظلم، جبر اور فسطائیت کے سامنے کبھی نہیں جھکے گی ،
انہوں نے پنجاب اور وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کو مہنگائی، بے روزگاری، بدانتظامی اور آئینی بحران کی دلدل میں دھکیلنے والے جعلی حکمران عوام کا اعتماد مکمل طور پر کھو چکے ہیں جبکہ سیاسی انتقام اور جبر کے ذریعے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے،
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ خیبر پختو نخوا واحد صوبہ ہے جہاں عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ سهیل آفریدی کی قیادت میں بہتر طرز حکمرانی، شفافیت عوامی فلاح، امن و امان اور سرکاری محکموں میں اصلاحات کیلئے سنجیدہ اقدامات جاری ہیں جس کی بدولت صوبے میں گورنس کا معیار دیگر صوبوں سے نمایاں طور پر بہتر ہے۔