ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر اور عوام کی شکایات کی روشنی میں تحصیلدار اتمان خیل نے علاقہ گردئی میں انسپکشن کیا۔ دورانِ کارروائی متعدد دکانداروں کے پاس غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ چپس برآمد ہوئیں، جنہیں موقع پر اپنی تحویل میں لے کر ضبط کر لیا گیا۔
غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ چپس کے استعمال سے انسانی صحت پر سنگین منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، خصوصاً بچوں میں فوڈ پوائزننگ، معدے اور آنتوں کی بیماریاں، الرجی اور دیگر پیچیدہ امراض پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ان اشیاء کی تیاری میں استعمال ہونے والے غیر منظور شدہ کیمیکلز اور ناقص تیل صحتِ عامہ کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
تمام متعلقہ دکانداروں کو آئندہ کے لیے سخت وارننگ جاری کی گئی اور واضح طور پر متنبہ کیا گیا کہ اگر آئندہ کسی بھی دکاندار کے پاس غیر معیاری یا غیر رجسٹرڈ چپس پائی گئیں تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ صحت مراکز کا بھی انسپکشن کیا۔ صحت مراکز میں عملے کی حاضری اطمینان بخش پائی گئی، صفائی کی صورتحال بھی تسلی بخش رہی۔ تاہم عملے کو ادویات کی دستیابی، صفائی اور دیگر عوامی سہولیات پر مزید توجہ دینے کے لیے سختی سے ہدایات جاری کی گئیں۔