کوالا لمپور ۔ ملائیشیا کے آرمی چیف جنرل تن سری محمد حافظ الدین جتن کو کرپشن اور منی لانڈرنگ الزامات کی تحقیقات تک رخصت پر بھیج دیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کی وزارت دفاع نے آرمی چیف جنرل تن سری محمد حافظ الدین جنتن کو فوری طور پر رخصت پر بھیجنے کی ہدایت جاری کر دی۔
مقامی میڈیا نے دعوی کیا کہ یہ معاملہ تب شروع ہوا جب سماجی کارکن بدر الحشام شہران المعروف چیگو برد نے مسلح افواج کے ایک سینئر افسر پر منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے جس کے بعد ملائیشین اینٹی کرپشن کمیشن (ایم اے سی سی) کے سربراہ تن سری اعظم باقی نے بھی تصدیق کی کہ ایکٹ 2009 کی دفعہ 17 (a) کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔
تازہ پیشرفت میں وزارت دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کو جبری رخصت پر اس لیے بھیجا گیا تا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق ان پر عائد الزامات کی تحقیقات بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کی جاسکیں۔