اسلام آباد۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستانی ورکرز کے لیے یورپ کے دروازے کھل گئے ہیں۔ اٹلی نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 10,500 ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اٹلی نے پاکستان کے لیے آئندہ 3 سال کے لیے ملازمت کا کوٹہ مختص کیا ہے جس کے تحت ہر سال 3500 پاکستانی موسمی اور غیر موسمی بنیادوں پر اٹلی جا سکیں گے، 1500 پاکستانی موسمی کوٹہ کے تحت جب کہ 2000 غیر موسمی کوٹہ کے تحت ملازمت حاصل کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اٹلی سے پاکستان کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کرنے کی خصوصی درخواست کی تھی جسے قبول کر لیا گیا ہے۔ اٹلی نے پاکستان کو شپ بریکنگ، مہمان نوازی، صحت کی دیکھ بھال اور زراعت کے شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں جہاں پاکستانی ہنر مند اور نیم ہنر مند کارکن خدمات سرانجام دیں گے۔
ترجمان کے مطابق ویلڈر، ٹیکنیشن، شیف، ویٹر، ہاؤس کیپنگ اسٹاف، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع موجود ہیں۔ اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے ملازمتوں میں باضابطہ کوٹہ مختص کیا ہے۔
چوہدری سالک حسین نے اس پیش رفت کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی جانب سے پاکستانی افرادی قوت کے لیے ملازمت کا کوٹہ مختص کرنا پوری قوم کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ اٹلی میں پاکستانی ورکرز کے لیے روزگار کے دروازے کھلنے جا رہے ہیں جو کہ یورپی لیبر مارکیٹ میں پاکستان کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر اپنے کارکنوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے جب کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جلد ہی مزید یورپی ممالک بھی پاکستانی افرادی قوت کے لیے اپنے دروازے کھولیں گے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور اٹلی کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں ہوگا۔