باجوڑ میں سود خوروں کےخلاف کریک ڈاون ، ایک ملزم گرفتار۔ ضلع بھر میں سود کے کاروبار سے منسلک عناصر کے خلاف باجوڑ پولیس نے باقاعدہ کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ سود ایک گناہِ کبیرہ ہے جس کی نہ اسلام اجازت دیتا ہے اور نہ ہی اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قانون۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق کی قیادت میں ضلع بھر میں سود خوروں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سرکل ڈی ایس پی خار عبدالعزیز کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ برنگ احسان اللہ نے کارروائی کرتے ہوئے سود کے کاروبار میں ملوث ملزم مسمیٰ بہرام خان سکنہ قمبر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف سود ایکٹ کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج رجسٹر کر لیا گیا ہے۔پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سود کے کاروبار سے وابستہ عناصر کو واضح اور سخت پیغام دیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر اس غیر شرعی اور غیر قانونی کاروبار سے باز آ جائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ ضلع بھر میں سود کے کاروبار سے منسلک افراد کی فہرستیں پہلے ہی تیار کی جا چکی ہیں اور ان کے خلاف مرحلہ وار کارروائیاں جاری رہیں گی۔